رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے شھر کراچی میں روضہ رسول (ص) اور گنبدِ خضریٰ کو شہید کرنے اور بے حرمتی کی ناپاک سعودی سازش پر مبنی اطلاعات پر جماعت اہلسنّت کے اہلکاروں نے مولانا ابرار احمد رحمانی کی قیادت میں گلشن چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا مظاہرین سے جماعت اہلسنّت مولانا ابرار احمد رحمانی، صوفی حسین لاکھانی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، عرفان مصطفٰی قادری نے خطاب کیا ۔
احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں اہلسنت علماء و قائدین نے سعودی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا : مقامات مقدسہ کو نقصان پہنچانا یہودی سامراج کی سازش ہے، سعودی حکومت باز رہے ورنہ جماعت اہلسنّت سخت احتجاجی لائحہ عمل اختیار کرے گی اور پاکستان میں سعودی سفارت خانے ہماری پہنچ سے دور نہیں ہیں ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ نبی کریم (ص) کے جسد اطہر کی منتقلی اور روضہ رسول (ص) و گنبد خضریٰ کے انہدام کے عزائم رکھنا شدید ترین گستاخی رسول (ص) کے زمرے میں آتا ہے کہا: مسلمانان عالم ایسے عزائم رکھنے والوں کیلئے موت کا پیغام ثابت ہوں گے۔
اہلسنت قائدین نے یہ کہتے ہوئے کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدتوں کے مرکز روضہ رسول کی منتقلی و انہدام کی اطلاع پر عالم اسلام شدید کَرب و تشویش کا شکار ہے کہا: گنبد خضریٰ کی عظمت و تقدیس مسلمانوں کے ایمان کا لازمی جز ہے، اس کی بے حرمتی ناقابل برداشت ہے۔
اہلسنت علماء و قائدین نے مزید اس بات کی تاکید کی : اس مسئلے پر جماعت اہلسنّت تحفظ شعائر اسلام کی تحریک چلائے گی اور اس سنگین مسئلے عوامی رائے عامہ ہموار کرے گی ۔