رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ملی یکجہتی کونسل کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثاقب اکبر نے اتحاد امت کانفرنس کے انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بیان کیا : ملی یکجہتی کونسل قدر مشترک اور درد مشترک پراتحاد کی علمبردار ہے۔ ہمارا اتحاد ہی پاکستان کو ایک فلاحی اسلامی ریاست بنانے کا ضامن بن سکتا ہے۔
انہوں نے تمام کمیٹیوں کے کارکنوں کی شب و روز کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر کونسل کے میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا : اتحاد امت کانفرنس میں ذرائع ابلاغ کی بھی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔ ملک کے تمام طبقوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار نہایت اہم ہے۔
انہوں نے کہا : 25 مارچ کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں تمام مسالک کے بلند مرتبہ راہنمائوں کی شرکت قوم کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دے گی۔ یہ کانفرنس نفرتیں بانٹنے والے گروہوں کی سازشوں کو بے نقاب اور ناکام کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
ثاقب اکبر نے بتایا : کانفرنس میں جمعیت علمائے اسلام، جماعت اسلامی، اسلامی تحریک، جماعۃ الدعوۃ، جمعیت علمائے پاکستان، مرکزی جمعیت اہل حدیث، مجلس وحدت مسلمین، اتحاد تنظیمات مدارس، جمعیت اہل حدیث، تنظیم اسلامی، تحریک فیضان اولیاء، عالمی تنظیم العارفین، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، جماعت اہل حدیث اور دیگر تنظیموں کے مرکزی قائدین شریک ہوں گی۔