23 October 2015 - 18:32
News ID: 8594
فونت
پاکستان کے شہر جیک آباد میں جلوس عزا پر دہشت گردانہ حملہ ؛
رسا نیوز ایجنسی ـ پاکستان کے ڈسٹرکٹ جیکب آباد کے علاقے میں محرم الحرام کے جلوس کے دوران خودکش دھماکے میں 20 افراد شہید، جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہوگئے۔
جلوس عزا پر دہشت گردانہ حملہ


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر جیکب آباد میں ایک ماتمی جلوس کے دوران دھماکے کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 20 افراد شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

دھماکہ جیکب آباد کے لاشاری محلے میں نویں محرم الحرام کا جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا منزل کی جانب رواں دواں تھا کہ خودکش بمبار نے عزاداروں اور جلوس کے شرکاء کو اپنا نشانہ بنا ڈالا ۔

ایس ایس پی جیکب آباد ظفر اقبال نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے جائے وقوع سے ایک لاش کا نچلہ حصہ برآمد کیا ہے جو ممکنہ طور پر خودکش بمبار کا ہوسکتا ہے۔

ڈی جی ہیلتھ سروسز سندھ ڈاکٹر حسن مراد شاہ نے کہا : جیکب آباد ضلع کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ اردگرد کے اضلاع سے بھی ایمبولینسز کو طلب کر لیا گیا ہے۔

پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے ہیں جبکہ زخمیوں کو سول اسپتال اور امام میڈیکل سینٹر جیکب آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اندھیرے کے باعث ریسکیو کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔

دھماکے کے بعد جلوس کے راستے کی مزید سکیورٹی سخت کر دی گئی، اور سندھ بلوچستان سرحد کو سیل جبکہ رینجرز اور پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز بلوچستان کے ضلع بولان میں ایک امام بارگاہ کے باہر مبینہ خودکش حملے میں کم از کم 10 افراد شہید ہوئے تھے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬