رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ حجت الاسلام والمسلمین سید ساجد علی نقوی نے اپنے مذمتی بیان میں ضلع مردان کے نادرا آفس میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا: جب تک امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہوگی ملک میں ترقی ناممکن ہے ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ شرپسند عناصر کے ہاتھوں آج بھی عام شہری محفوظ نہیں بے گناہ عوام کا قتل افسوس ناک ہے کہا: قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ وہ شرپسندوں کے سرغنہ اور سہولت کاروں پر مضبوطی سے ہاتھ ڈالیں اور امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں ۔
قابل ذکر ہے کہ مردان شہر کے گنجان آباد علاقے میں نادرا آفس کے گیٹ پر خودکش دھماکے میں 22 افراد جاں بحق اور 77 سے زائد زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
پولیس اور سکیورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد فوری بعد علاقے کا محاصرا کرلیا اور مشتبہ افراد اور مشکوک گاڑیوں کی تلاشی شروع کر دی گئی ہے۔
لاشوں اور زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور شدید زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حارث کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی 10 افراد کی حالت نازک ہے۔
ڈی پی او مردان فیصل شہزاد نے دھماکے کو خودکش قرار دیتے ہوئے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھا، جس نے اپنی موٹر سائیکل مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی۔
نادرا آفس مردان کے مصروف ترین علاقے میں واقع ہے، جہاں شہریوں کا رش رہتا ہے اور دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ وہاں موجود تھے۔
مردان کا نادرا آفس شہر کے گنجان آباد علاقے میں واقع ہے، جہاں صبح سے ہی شہریوں کی بڑی تعداد شناختی کارڈ اور دیگر سرکاری دستاویزات کے حصول کے لئے پہنچ جاتی ہے، گنجان آباد علاقہ ہونے کی وجہ سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں 8 سے 10 کلوگرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ مردان میں نادرا دفتر کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے گروپ جماعت الحرار نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔
وزیراعظم نواز شریف اور صدر مملکت ممنون حسین نے مردان دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدری کا اظہار کیا۔ دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔