رسا نیوزایجنسی کی رپورٹ کےمطابق ، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے روزہ اربعین عزاداروں کی بس اور جناح اسپتال کے شعبہ حادثات کے باہر ہونے والے بم دھماکوں کے زخمیوں کی آغا خان اسپتال اور لیاقت اسپتال میں عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی.
وفد میں ان کے ہمراہ صوبائی صدر مولانا باقر نجفی، صوبائی نائب صدر مولانا اسد رضا نعیمی، صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا ناظر عباس تقوی، کراچی سٹی کے صدر مولانا علی محمد، مولانا شبیر میثمی بھی موجود تھے.
انہوں نے سانحہ عاشورہ، سانحہ چہلم کی اعلی عدالتی کمیشن سے تحقیقات کا مطالبہ کیا.
بعدازاں سانحہ عاشورہ کے شہید اقبال حسین زیدی کی مجلس چہلم سے خطاب کرتے ہوئے قائدملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا : تشیع کی پوری تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے. اہل تشیع ہر آزمائش میں پورے اترے ہیں. ہمارا ایمان ہے کہ شہداء کا خون رنگ لائے گا.
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا : ہماری خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے. ہم نے استحکام پاکستان کی بقا کی خاطر صبر سے کام لیاجب کہ ھم بصورت دیگر ہم دہشت گردوں کو جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں.
انہوں نے شہداء کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا : بارگاہ ایزدی میں ان کا بڑا مقام ہے. شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کے رہنما مولانا شبیر میثمی نے سینٹ پیٹرک چرچ میں مسیحی رہنماؤں سے ملاقات کرکے سانحہ چہلم میں انتقال کرجانے والے مسیحی بھائیوں کی تعزیت کی.
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ عاشورہ اور سانحہ چہلم میں ہونے والے بم دھماکوں کی اعلی? عدالتی کمیشن سے تحقیقات کرائی جائے.