21 November 2013 - 12:32
News ID: 6141
فونت
سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے سلسلہ میں ؛
رسا نیوز ایجنسی ـ مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ نے وفد کے ہمراہ بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی جس میں سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مجلس وحدت مسلمين


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے وفد کے ہمراہ بنی گالہ اسلام آباد میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے ملاقات کی جس میں سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی، علامہ شفقت شیرازی، مرکزی رہنماء فضل عباس نقوی اور نثار فیضی شریک تھے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی، صوبائی صدر اعجاز چوہدری اور شہزاد سلیم بھی موجود تھے۔ ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق دونوں جماعتوں نے سانحہ راولپنڈی کو بیرونی قوت کا نتیجہ قرار دیا۔

بیان کے مطابق سانحہ راولپنڈی انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے، جمعہ کے روز ہونے والے احتجاجات کو پرامن ہونا چاہیے۔ دونوں جماعتوں نے ہر قسم کی دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔
 
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کے رہنماؤں نے سانحہ راولپنڈی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت ملکی حالات پر بات چیت کی ہے اور فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ کوششوں کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا۔

رہنماوں نے سانحہ راولپنڈی کو ایک بیرونی سازش قرار دیا اور کہا کہ اس سازش کے ذریعے ملک بھر کا امن غارت کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اس سانحہ میں ملکی اور بیرونی دونوں ہاتھ ملوث ہیں۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سانحہ راولپنڈی نے ثابت کردیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصہ میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے اور حکومت اپنی رٹ قائم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فی الفور ذمہ داروں کو کٹہرے میں لائے، عمران خان نے تمام مسالک کے علماء سے اپیل کی وہ ملک میں امن قائم کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬