رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر وفا عباس سندھ کے تنظیمی دورے پر پہلے مرحلے میں کراچی پہنچے، جہاں پر رکنِ نظارت اور سابق مرکزی صدر جے ایس اوپاکستان پروفیسر منور عباس ساجدی، سینئر تنظیمی دوست علی ونگانی سے خصوصی ملاقات کی۔
اس ملاقات میں جے ایس او کے مرکزی پبلیکیشن سیکریٹری سید ذیشان حیدر کاظمی اور صوبہ سندھ کے آرگنائزر امجد علی بھنبھرو بھی موجود تھی۔
مرکزی نائب صدر وفا عباس نے جے ایس او کراچی ڈویژن کی کابینہ کے اجلاس میں شرکت کی اور کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا : نوجوان کسی بھی قوم اور معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں ۔
جے ایس او پاکستان نوجوانوں کی فکری ، ذہنی اور روحانی تربیت کے لیے کوشاں ہے۔ یہ تنظیم پاکستان کے باشعور طلباء کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو کہ اپنا ثانی نہیں رکھتی اور یہ الٰہی پلیٹ فارم امامِ زمانہؑ کے لشکر سے جاملے گا۔
وفا عباس نے اپنے خطاب میں مزید کہا : اس وقت نوجوان نسل اور بالخصوص طلباء کے ذہن کو پراگندہ کرنے کے لیے استعمار جدت کے نام پر بے ہودگی اور فیشن کے نام پر عریانیت کو فروغ دینے کے لیے میڈیا کے ذریعہ مختلف حربے استعمال کر رہا ہے ۔ ہم اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اجلاس سے مرکزی نشرو اشاعت سیکرٹری سیکریٹری ذیشان حیدر کاظمی، صوبائی آرگنائزر سندھ امجدعلی بھنبھرو، ڈویژنل صدر مبشر مہدی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔