رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا : ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، تمام سیاسی جماعتیں پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی تعمیر و ترقی اور استحکام کیلئے کردار ادا کریں، مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں لیکن مذاکرات کی کامیابی کے بعد امن اور معاہدہ کی پاسداری کی ضمانت بھی فراہم کی جائے، حکومت دہشت گردی کے تدار ک کیلئے بھی اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے پیر کے روز مرکزی سیکرٹریٹ میں ملک کے مختلف علاقوں سے آئے عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے اظہار خیال کیا : پاکستان انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے جب کہ ملک کو مہنگائی ، بدامنی کے ساتھ ساتھ توانائی کے بھی شدید بحران کا سامنا ہے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : اس صورتحال میں تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست اور اپنی پارٹی مفادات سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کی ترقی کیلئے سوچنا ہوگا اور کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا : ہم نے ہمیشہ مسائل کو مذاکرات سے حل کرنے کو ترجیح دی ہے اور اب بھی مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں لیکن فی الوقت صورتحال واضح نہیں ہے اس لئے قبل از وقت کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔
عارف حسین واحدی نے کہا : اگر مذاکرات کامیاب ہوجائیں تو پھر امن کی ضمانت بھی دی جائے اور یہ بھی گارنٹی دی جائے کہ معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں ہوگی۔
انہوں نے گزشتہ روز پشاور میں ہونیوالے دہشت گردی کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا : حکومت کو اس جانب بھی توجہ دینا ہوگی کہ ملک میں آئے روز نہتے عوام کا خون بہہ رہا ہے پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے حکومت دہشت گردی کی بیخ کنی کیلئے عملی اقدامات بھی اٹھائے تاکہ عوام کو سکھ کا سانس نصیب ہو۔