رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے نائیجریا میں عاشورا کے جلوس پر خودکش حملے کے نتیجے میں پندرہ عزاداروں کی شہادت کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے سعودی عرب میں جلوس عزاء پر دہشت گرد حملے اور پانچ عزاداروں کی شہادت کو المیہ قرار دیتے ہوئے کہا : دنیا بھر کے کروڑوں عاشقان اہلبیت (ع) نے شہدائے کربلاء کو خراج عقیدت پیش کرکے یہ واضح پیغام دیا ہے کہ حسینی تحریک اب باطل یزیدی قوتوں کے خلاف ایک عالم گیر تحریک میں بدل چکی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے رہنماء نے وضاحت کی : دہشتگردی کی فضاء اور بم دھماکوں کے باوجود خاندان رسالت (ص) کے عاشقوں نے شہدائے کربلا کا غم مناکر یہ ثابت کر دیا کہ بم دھماکے حسینیت کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے۔
انہوں نے مجموعی طور پر ملک بھر میں ایام عزاء اور عشرہ محرم کے پرامن انعقاد پر خدا کا شکر ادا کیا۔ جبکہ پولیس، انتظامیہ اور سکیورٹی اہلکاروں، اسکاؤٹس اور عوام کی پرخلوص کوششوں کی تعریف کی۔ جس کے باعث ملک بھر میں امن قائم رہا۔
حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے ملک بھر میں اہلسنت بھائیوں کے تعاون کو بھی سراہا۔ جنہوں نے ہر جگہ عزاداروں کے ساتھ تعاون کیا اور شیعہ سنی وحدت کی عملی تصویر پیش کرتے ہوئے، باہم ملکر نواسہ رسول امام حسین (ع) کا غم منایا۔ شہدائے کربلا کے مشن سے تجدید عہد کیا۔