رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ سندھ کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام مختار احمد امامی نے کہا : شکارپور میں مولانا شفقت عباس سولنگی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری سندھ حکومت کی جانب سے دہشت گردوں کی سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : پیپلز پارٹی کے وزراء سندھ بھر میں کالعدم تکفیری جماعتوں سمیت داعش کی سرپرستی کررہے ہیں، مولانا شفقت عباس سولنگی کی شہادت کیخلاف احتجاج کرنے والے پرامن مظاہرین پر بلاجواز بدترین شیلنگ کی مذمت کرتے ہیں ۔
حجت الاسلام مختار امامی نے تاکید کی : شکارپور میں مولانا شفقت عباس سولنگی کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاج کرنے والے پر امن مظاہرین پر طاقت کا استعمال ریاستی دہشتگردی ہے، پیپلز پارٹی کے ریاستی جبر کی مذمت کرتے ہیں اور بے گناہ گرفتار کئے جانے والے 8 افراد کو فی الفور رہا کیا جائے۔
انہوں نے بیان کیا : ایسا لگتا ہے کہ قائم علی شاہ نے اپنی جماعت کے خلاف اعلان بغاوت کردیا ہے جبھی وہ اپنے پارٹی قائد کے بیانات کیخلاف عمل کررہے ہیں، ایک طرف تو بلاول زرداری سندھ میں داعش کی موجودگی کا اعتراف کررہے ہیں تو دوسری طرف پیپلز پارٹی کے حکومتی وزراء کالعدم جماعتوں سمیت داعش کی سرپرستی کررہے ہیں۔
حجت الاسلام مختار امامی نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور چیف جسٹس آف پاکستان ناصر الملک سے مطالبہ کیا کہ سندھ بھر میں جاری شیعہ نسل کشی کا فوری نوٹس لیں اور قلندر کی سرزمین کو کالعدم جماعتوں سمیت داعش کے دہشت گردوں سے نجات دینے کیلئے اپنی توانائیاں بروئے کار لائیں۔