رسا نیوز ایجنسی کے رپورٹر کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کیجانب سے جاری بیانیہ میں کہا گیا ہے : معصوم بچی سحر بتول کے قتل کو ایک ہفتے سے زیادہ ہونے کے باوجود قاتلوں کی عدم گرفتاری باعث تشویش ہے۔ معصوم بچی کو چند درندہ صفت انسانوں نے جس طرح اپنی درندگی کا نشانہ بنایا، اس پر پوری انسانیت شرمسار ہے۔ اس واقعے نے ہر باضمیر انسان کا دل دھلا کر رکھ دیا ہے۔ معاشرے میں ایک بےچینی کی سی کیفیت پائی جاتی ہے۔
اس بیانیہ میں وضاحت کی گئی ہے : کوئٹہ شہر میں رونماء ہونے والا اپنی نوعیت کا ایک انتہائی خطرناک واقعہ ہے۔ جس میں معصوم بچی کو گھر کے قریب سے اُٹھایا جاتا ہے۔ چند گھنٹوں کے بعد اُس کی لاش کچرے کے ڈھیر سے برآمد ہوتی ہے۔ ایسے میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے موثر آواز نہ اُٹھانا، قابل افسوس ہے۔ حقوق بشر کے علمبرداروں کو چاہیئے کہ وہ اس معصوم بچی کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرے۔ اُن سفاک قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
بیانیہ میں تاکید کی گئی ہے : یہ مسئلہ صرف معصوم سحر بتول اور اُس کے خاندان والوں کا نہیں ہیں۔ بلکہ یہ اس شہر میں رہنے والے ہر بچی اور اُس کی فیملی کا مسئلہ ہیں کیونکہ اگر ان درندوں کے ہاتھوں کو روکا نہیں جاتا، تو یہ انسان نماء دردندے بہت سے معصوم بچیوں کی زندگیوں سے کھیل سکتے ہیں۔ اس لئے ضروری ہے کہ معاشرے کے ہر فرد کو اس ظلم کے خلاف اُٹھ جانا چاہیئے اور ایسے درندوں کو اُن کے منطقی انجام تک پہنچانا چاہیئے۔
اس بیانیہ میں اپیل کی گئی ہے : اس حوالے سے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر بھاری ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انسان نما جانوروں کو جلد از جلد گرفتار کرکے اُن کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں۔ اُنہیں سخت سے سخت سزاء دے کر عبرت کا نشان بنائے تاکہ آئندہ کوئی اس طرح کی درندگی کا مرتکب نہ ہو سکے۔