رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے بھکر کے جمیل اسٹیڈیم میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے : عوام ووٹ دے کر ہمیں طاقت دیں تو سنی اور شیعہ کو امت محمدی میں تسبیح کے دانوں کی طرح پرو دوں گا، بھکر سے ملک گیر عوامی جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے ۔
انہوں نے 29 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے اپنے امیدوار نذر عباس کہاوڑ کا تعارف کرایا اور کہا : ہم معاشرے کو حسینی معاشرہ بنانا چاہتے ہیں۔ کراچی سے پشاور تک 2 تہائی اکثریت چاہیے، وہ دیں اور میں نظام بدل دونگا، 90 دن کے دھرنے اور قربانیوں نے سوئے ہوئے کو جگا دیا، یہاں غریب کا کوئی پرسان حال نہیں، جو شعور بیدار ہوا ہے ہم اسے اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔
عوامی تحریک کے سربراہ نے مزید بیان کیا : بہت ہوچکا، اپنا حق چھینو گے تو ملے گا، اسلام آباد کے بعد بھکر سے انقلاب کی ابتدا کر رہا ہوں، تحریک کی بنیاد رکھنے میں شہیدوں کا کردار اہم ہے۔
انہوں نے کہا : اب پاکستان میں کمزوروں اور طاقتوروں کی جنگ شروع ہوچکی ہے، غریبوں کا پولیس اسٹیشن میں مقدمہ تک درج نہیں کیا جاتا، علالت کے باوجود بھکر آیا ہوں، میں پاکستان کے غریبوں کی جنگ اللہ کی رضا کیلئے لڑ رہا ہوں، دھرنے نے ڈرے ہوئے لوگوں کو ہمت دی ہے، ان حکمرانوں کو للکار رہے ہیں جنہوں نے عوام کو حقوق نہیں دیئے، غریبوں کا مفت علاج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا : بھکر کے عوام 29 نومبر کو غریبوں کے حقوق کی بحالی کیلئے نذر عباس کہاوڑ کی صورت میں مجھے ووٹ دیں، ہم نے قوم کی بیٹیوں کی عزت چھیننے والے اور قومی خزانے سے عیاشیوں کرنے والے حکمرانوں کو للکارا ہے۔
طاہرالقادری نے کہا : وہ کفر کا معاشرہ ہے جس معاشرے میں حکمران محلات میں رہیں اور غریب روٹی، کپڑا، مکان کو ترسے، موجودہ حکمران یزید لعین کی پیروی میں عیاشی، قتل ناحق، کرپشن اور لوٹ مار کر رہے ہیں۔