رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے یورپ اور امریکہ کی جانب سے ایران پر عائد عالمی پابندیوں کے خاتمے کو خطے کی سلامتی و استحکام کی جانب مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا : مشرق وسطی سمیت عالمی امن کے قیام کے لیے ایران کی حوصلہ افزا کوششوں کو عالمی تائید حاصل ہے۔
انہوں نے وضاحت کی : عالمی پابندیوں کا خاتمہ ایران سمیت دیگر ممالک کی اقتصادی ترقی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔ پاکستان اس وقت توانائی اور سوئی گیس کے شدید بحران سے دوچار ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ ایران سے گیس کے حصول کے معاہدات کو عملی شکل دینے میں اب مزید تاخیر نہ کرے۔
راجہ ناصر عباس جعفری نے نے تاکید کرتے ہوئے کہا : وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف اور ایران کی حکومت کے ما بین جو گفت و شنید ہونے جا رہی ہے اس میں پاکستان کو درپیش مسائل بھی زیر بحث لائے جائیں۔ ایران ہمارا ایک مخلص اسلامی برادر ملک ہے۔
انہوں نے بیان کیا : یہود و نصاری عالم اسلام میں ایران کو متنازعہ ملک ثابت کرنے کے لیے بے بنیاد اور منفی پروپیگنڈہ میں مصروف ہیں۔ امت مسلمہ کے اتحاد کو پارہ پارہ کرنا اسلام دشمن قوتوں کا اولین ہدف ہے۔ ہمیں باہمی اتحاد و یگانگت سے ان استکباری قوتوں کے عزائم سے شکست دینا ہو گی۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف جنرل راحیل سعودی عرب اور ایران کے موجود بحران میں ثالثی کا کردار ایک باوقار طرز عمل ہے۔ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ عالمی فیصلے کرتے وقت بین الاقوامی حالات ، زمینی حقائق اورامت مسلمہ کو درپیش مسائل کو مدنظر رکھیں۔