رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا : دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے معیاری تعلیم، بے روزگاری کا خاتمہ اور شعوری تربیت کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : حکومت کو چاہیے کہ وہ اورنج ٹرین اور میٹرو طرز کی شاہانہ سفری سہولیات پر قومی دولت لٹانے کی بجائے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی تعمیر پر پیسہ خرچ کرے تاکہ پاکستان کا مستقبل پڑھے لکھے باشعور اور محفوظ ہاتھوں کو سونپا جا سکے۔
راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا : دہشت گرد عناصر کے آلہ کار بننے والے افراد اسلامی تعلیمات سے بے بہرہ اور شعوری تقاضوں سے نابلد ہیں۔ اسلام دشمن قوتوں ایسے ہی کم علم لوگوں کے جذبات کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرتیں آئی ہیں۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : جو عالمی طاقتیں پاکستانی مدرسوں یا دینی اداروں کی مالی معاونت کر رہی ہیں وہ اگر پاکستان سے مخلص ہیں تو وطن عزیز میں اعلی تعلیمی نظام کے قیام کے لیے سرمایہ کاری کریں۔ بڑھتی ہونی مہنگائی نے متوسط اور سفید پوش افراد کے لیے اذیت ناک صورتحال پیدا کر رکھی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : نادار افراد بچوں کے تعلیمی اخراجات اٹھانے کے متحمل نہیں رہے۔ سرمایہ اور اعلی تعلیم کا حصول ایک مخصوص طبقے کی دسترس تک محدود ہو گیا ہے۔ اس طبقاتی تفریق کے خاتمے کے لیے پالیسی مرتب کرنا حکومت ترجیحات کا حصہ ہونا چاہیے تھا لیکن یہاں صورتحال اس کے بالکل برعکس ہے۔ پورے ملک میں معیاری تعلیم جیسے اہم امور کو نظر انداز کر کے اربوں روپے کی رقم محدود علاقے کی سفری سہولیات پر خرچ کرنا کہاں کی دانشمندی ہے۔
حجت الاسلام راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا : امریکہ سمیت دوست کے ہونے کے دعویدار تمام یورپی ممالک سے نرسری تا پی ایچ ڈی تک تعلیم کے شعبے میں مدد حاصل کی جائے اور پاکستان میں آکسفورڈ اور کیمرج طرز کی تعلیم کو عام کیا جائے تاکہ ملک کے ان ہونہاروں کو بھی اعلی تعلیم کے مواقع میسر ہوں جو وسائل کی عدم فراوانی کے باعث اعلی اور معیاری تعلیم سے محروم رہ جاتے ہیں۔