رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے : استعماری قوتیں اسلام دشمن ایجنڈے کی تکمیل کے لیے مسلمانوں کے مابین نفاق کا بیج بورہی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : دہشت گردی کے خلاف جنگ کے نام پر سعودی عرب جو اتحاد بنانے جا رہا ہے اس کا مقصد انہی صیہونی عزائم کو تقویت دینا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے تاکید کی : وزیر اعظم پاکستان کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز کا اس اتحاد میں پاکستان کے کردار سے لاعلمی کا اظہار مضحکہ خیز ہے۔
انہوں نے بیان کیا : وزارت خارجہ کے ترجمان اور مشیر کے بیانات میں تضاد حکومت کی مبہم خارجہ پالیسی اور انتظامی معاملات پر کمزور گرفت کو آشکار کر رہے ہیں۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے وضاحت کی : حکومت کواس متنازعہ اتحاد میں دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ کسی بھی ایسے اتحاد کا حصہ بننا پاکستان کے مفادات میں قطعی نہیں جس کا مقصد اسلام ریاستوں کی تباہی ہو۔
انہوں نے کہا : پاکستان اس وقت دہشت گردی کے جن خطرات سے نبر دآزما ہے ان کو شکست دینے کے لیے پوری قوت سے مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے کہا : ہم پاکستانی فوج کو کسی دوسرے ملک بھیجنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ امت مسلمہ کو اس وقت یہود و نصاری کی عالمی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہو گا۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے تاکید کی : تمام مسلم ممالک ذاتی وابستگی سے بالاتر ہو کر مسلم ریاستوں کی سالمیت اور بقا کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔