رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کے زیر صدارت شیعہ علماء کونسل کے مرکزی اور گلگت بلتستان کے علاقائی عہدیداران کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا ۔
اس اجلاس میں مرکزی نائب صدر عالی جناب مرزا علی ، مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی ، ممبر مرکزی سیاسی سیل ڈاکٹر حجت الاسلام شبیر حسن میثمی، صوبائی صدر گلگت بلتستان حجت الاسلام سید محمد عباس رضوی ، صوبائی جنرل سیکرٹری و ممبر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی محمد علی حیدر ، سابق وزیر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی وصوبائی سینئر نائب صدر گلت بلتستان دیدار علی ، ڈویژنل صدر سکردو حجت الاسلام فدا حسین عبادی نے شرکت کی ۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت ، اقتصادی راہداری ، گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی حالت زار بہتر بنانے کی تجاویز، امن اوامان، ترقی اور گلگت سکرود روڈ کی تعمیر میں تاخیر سمیت دیگر اہم اُمور پر تفصیلی گفتگو ہوئی ۔
اس اجلاس میں طے پایا کہ ان مسائل کے حوالے سے اپنا موقف اور جدوجہد کا روڈ میپ اگلے چند دنوں میں قائد ملت جعفریہ پریس کانفرنس میں اعلان کریں گے ۔
قائد ملت جعفریہ حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا : گلگت بلتستان کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے اور اقتصادی راہداری میں اس اہم خطہ کو نظر انداز کرنا کسی صور ت بھی بہتر نہیں بلکہ گلگت بلتستان کی عوام کو ہی اس کے ثمرات ملنے چاہیں ۔
خطے کی آئینی حیثیت کے بارے میں انہوں نے بیان کیا : گلگت بلتستان میں سیاسی میدان میں ہیں اور عرصے سے خطے کی عوام کے فلاح وبہبود اور آئینی حقوق کے بارے میں جدوجہد کر رہے ہیں یہ جہدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رہے گی ، حکمران عوام کی اُمنگوں کے مطابق فیصلے کریں ۔