رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عالمی شہرت یافتہ دیوار مہربانی وال آف کائنڈنس کی مجلس وحدت مسلمین کے زیر انتظام کراچی آمد، ایم ڈبلیوایم ضلع ملیرکے فلاحی شعبہ خیر العمل فاؤنڈیشن نے ناد علی اسکوائرجعفرطیار ملیرپر مستحقین کو ضروری اشیائے زندگی کی فراہمی کیلئے دیوار مہربانی کا قیام عمل میں لایا ہے، جہاں شہری اپنا غیر ضروری سامان ضرورت مندوں تک پہنچانے کیلئے رکھ رہے ہیں ۔
نادعلی اسکوائر پر بنائی گئی دیوار مہربانی پر ایم ڈبلیوایم کراچی ڈویڑن کے رہنما علی انور جعفری اور ضلعی سیکریٹری جنرل احسن عباس رضوی نے میڈیا کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا : انسانی خدمت کے جذبے سے سرشارمجلس وحدت مسلمین کے کارکنان نے سندھ کی تاریخ میں پہلی دیوار مہربانی قائم کرکے مثال قائم کردی ہے ۔
انہوں نے وضاحت کی : اس پرآشوب دور میں مستحقین کی ضروریات کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کار خیر کا آغاز قابل تقلید ہے، عوامی سطح پر اس اقدام کو بے حد پزیرائی مل رہی ہے، مخیر حضرات اپنے گھروں سے فاضل اشیاء، یعنی کپڑے، جوتے، کمبل ، لحاف اور دیگر اشیائے زندگی یہاں لا رہے ہیں جبکہ ضرورت مند افراد اسے اپنے ساتھ لے جارہے ہیں۔
احسن عباس نے کہا : بردار پڑوسی اسلامی ملک ایران سے آغاز ہونے والی دیوار مہربانی ، چین سے ہوتی ہوئی، پشاور، لاہور ہوتی ہوئی الحمد اللہ کراچی پہنچ گئی ہے ، جس کا بنیادی مقصد سفید پوش خواتین و حضرات تک انکی ضرورت کی اشیاء بلا قیمت پہنچانا ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین کے ضلعی سیکریٹری جنرل نے بیان کیا : انسانی خدمت کا یہ کام معاشرے کے تمام طبقات یعنیٰ لینے اور دینے والے دونوں کی دلچسپی کا محتاج ہے ۔
احسن عباس نے کہا : معاشرے میں نیکی عام کرنا قرآن مجید کی رو سے حکم خدا اور سنت رسول ﷺ ہے لہذا شہری بھر پور انداز میں اس دیوار مہربانی کو شہر میں عام کریں ۔