02 June 2014 - 00:20
News ID: 6841
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان:
رسا نیوز ایجنسی – سرزمین پاکستان کے معروف شیعہ عالم دین حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے تین شعبان کی موقع پر اپنے ارسال کردہ پیغام میں کہا: ذات امام حسین(ع) عالم انسانیت کیلئے منبع رشد و ہدایت اور سرچشمہ کردار و عمل ہے ۔
قائد ملت جعفريہ پاکستان

 

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے تین شعبان، ولادت باسعادت امام حسین(ع) کی عالم اسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ذات امام حسین(ع) کو عالم انسانیت کیلئے منبع رشد و ہدایت اور سرچشمہ کردار و عمل جانا ۔


اس پیغام کا تفصیلی متن مندرجہ ذیل ہے :


محسن انسانیت حضرت امام حسین علیہ السلام کی ذات اقدس عالم انسانیت کے لئے منبع رشد و ہدایت اور سرچشمہ کردار و عمل ہیں ، آپ نے گناہ آلود معاشرے کو دینی اقدار اور جذبہ حریت کے ذریعے اسلام کے سانچے میں ڈھالنے کے لئے لہو رنگ جدوجہد کی۔


آج بھی آپ کی سیرت عالیہ پر عمل پیرا ہوکر پوری دنیا کو اسلام کے پرچم تلے جمع کیا جاسکتا ہے، دنیائے عالم کی حریت و استقلال پر مبنی تحریکوں نے تحریک کربلا کی بدولت درس حریت حاصل کیا اور تحریک کربلا کا محوری نقطہ امام حسین(ع)  کی لازوال شخصیت ہے جنہوں نے نہ صرف اس دور کی یذیدی قوتوں بلکہ ہر دور کی باطل قوتوں پر واضح کردیا کہ ظالموں  اور جابروں کے خلاف حسینیت کی قوت و طاقت سے ابدی حد فاصل کھینچی جاسکتی ہے ۔


امام عالی مقام(ع) کے ساتھ  پیغمبر گرامی(ص) کی محبت و وابستگی آپ کی احادیث مبارکہ سے عیاں ہوتی ہے کیونکہ آپ نے امام حسین(ع) کو اپنے آپ سے اور اپنے آپ کو امام حسین(ع) سے قرار دیا ہے اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ رسول اکرم(ص) اور امام حسین(ع) کا تعلق کس قدر راسخ ہے۔


امام حسین(ع) کی حیات مبارکہ میں رسول معظم(ص) کے اکتساب کا فیض ملتا ہے آپ نے مکتب نبوت اور مکتب ولایت کی تعلیم اپنے طاہر و اطہر گھرانے سے حاصل کر کے نبوت و ولایت کے پیروکاروں کو اس انداز میں پہنچائی کہ آج اگر کوئی مسلمان سیرت محمدی(ص) اور سیرت علوی(ع) کا نمونہ دیکھنا چاہے تو اسے امام حسین(ع) کی ذات و کمالات کا مطالعہ کرنا پڑے گا ۔


امت مسلمہ ، امام حسین(ع) کے آفاقی، الہی اور مجاہدانہ کردار کو مشعل راہ بناتے ہوئے عالم اسلام کے مسائل حل کریں کیونکہ امت مسلمہ حسینیت(ع) کے مقدس، پاکیزہ اور مبنی بر صداقت نظریہ کو ترک کرنے کی وجہ سے آج مصائب و مشکلات کے دام میں گرفتار ہے اور لادین نظریات کے حامل افراد نے اسلامی معاشرے پر تسلط قائم کر رکھا ہے ان حالات میں ضروری ہے کہ حسینیت(ع) کو رہنما مانتے ہوئے اسلامی معاشرے اور پوری دنیا کے یزید صفت عناصر کا مقابلہ کیا جائے اور حسینیت(ع) سے رہنمائی لیتے ہوئے سیرت نبوی(ص) اور نظام علوی(ع) نافذ کیا جائے ۔            
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬