رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے جمعیتہ الوفاق البحرین کے سربراہ حجت الاسلام شیخ علی سلمان کی آل خلیفہ کے ہاتھوں بلاجواز گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
مرکزی سیکریٹریٹ سے جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہے : آل خلیفہ ریاستی ظلم و جبر کی بنیاد پر بحرینی عوام کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھے ہوئے ہیں، آل خلیفہ نے انتخابی ڈرامے سے مطلوبہ نتائج کے عدم حصول کے باعث بحرینی عوام کے ہر دل عزیز لیڈر اور مزاحمتی تحریک کے قائد المجاہد حجتہ السلام حجت الاسلام شیخ علی سلمان کو گرفتار کیا ہے۔
ناصر عباس جعفری نے بیان کیا : بحرینی غیور عوام گذشتہ پانچ برس سے مسلسل آل خلیفہ کے ظلم و استبداد کے آگے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہیں، معصوم بچوں، نہتی خواتین، بزرگ شہریوں کو سفاکیت اور بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا : امریکی اور سعودی اسٹریجیٹک اور انٹیلجنس سپورٹ سے بحرینی قابض شاہی حکومت حریت پسند بے گناہ بحرینی شہریوں پر عرصہ حیات تنگ کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں قاتل دہشت گردوں کی پھانسی کے معاملے پر فکر مند ہونے کے بجائے بحرین میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور عوامی قائد حجت الاسلام شیخ علی سلمان کی بلاجواز گرفتاری پر اپنا اصول پسندانہ موقف اختیار کریں۔