رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے تکفیری و دہشت گرد گروہ سے کسی بھی قسم کی ڈیل کی یکسر تردید کرتے ہوئے کہا : قوم کے قاتلوں کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ شہداء کے خون سے غداری ہے، تکفیریوں کے ساتھ معاہدہ تو درکنار بیٹھنا تک گوارہ نہیں، ذمہ داری کا مظاہر کرتے ہوئے من گھڑت پراپیگنڈے سے گریز کیا جائے ۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : تحریک جعفریہ پاکستان کا دامن اس قسم کی آلائشوں سے ہمیشہ پاک رہا ہے اور توازن کی پالیسی کے تحت ہمیں تکفیریوں اور دہشت گردوں کے ساتھ بریکٹ کیا جاتا رہا ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : تحریک جعفریہ پاکستان کے حوالے سے کوئی مجرم جیل میں نہیں ہے ہمارا ہمیشہ سے دوٹوک اور واضح موقف رہا ہے کہ ملک میں اسی وقت صحیح معنوں میں امن قائم کیا جا سکتا ہے جب معصوم انسانی جانوں کے قاتلوں، سرپرستوں اور سہولت کاروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : تکفیری و دہشت گردوں کے ساتھ بات چیت بھی شہداء کے خون سے غداری تصورکرتے ہیں تو ان سے معاہدہ کس طرح کیا جاسکتاہے؟۔
ترجمان نے مزید کہا : ہم نے ہمیشہ اتحاد امت و استحکام پاکستان کیلئے کوششیں کی ہیں جو کہ اظہر من الشمس اور ملک و قوم کے سامنے ہیں ۔
انہوں نے مزید وضاحت کی : اکرام الحق عرف لاہوری جیسے دہشت گرد کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں ہوئی، تحریک جعفریہ کا کوئی عہدیدار اور رکن اس قسم کا اقدام قطعاً نہیں کر سکتا ۔
ترجمان قائد ملت جعفریہ پاکستان نے مزید کہا : اس سلسلے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اس طرح کی خبروں کی اشاعت یا چلانے سے قبل ضرور استفسارکرکے تصدیق کی جائے یہی صحافتی اصولوں اور اقدار کا تقاضا بھی ہے۔