رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے طالبات ونگ کی مرکزی آرگنائزر سید سدرہ نقوی صاحبہ نے اپنے ایک بیان میں کہا : نمائندہ ولی فقیہ قائدملت جعفریہ حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی حفظہ اللہ کی زیر قیادت اپنا کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ملت کی بیٹیوں میں مذہبی، معاشرتی اور سیاسی شعور بیدار کرے گی اور پاکستان اور ملت تشیع کی سر بلندی کے لیے کوشاں رہے گی۔ ہم دختران ملت کو جے ایس او پاکستان کے پلیٹ فارم پر جمع کر کے ان میں ذینبی فکر،زینبی عزم اور زینبی کردار اجاگر کرنا چاہتی ہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : پروردگار نے عورت کو وہ مقام دیا کہ جو مردوں کو بھی حاصل نہ ہو سکا، پروردگار عالم نے خواتین کے قدموں تلے جنت کو قرار دیا۔ یہ اعزاز اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ مستور کو کتنی اہم ذمہ داری سے نوازا گیا ہی۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہر عورت اس اعزاز کی متحمل ہو گی؟ یقیناً ایسا نہیں ہے، ایک ایسی والدہ جو خود تعلیمات اسلام کی تربیت یافتہ ہو گی اور پھر اپنی اولاد کی تربیت عمدہ خطوط پر کرے اور اسے بہترین اخلاقایات سے نوازے گی یقینا وہی اس کی حقدار ہو گی۔
سید سدرہ نقوی نے بیان کیا : جے ایس او پاکستان طالبات ملت تشیع کو ایسی تربیت یافتہ بیٹیاں دینا چاہتی ہے جو آگے چل کر قوم کے ہونہار سپوتوں کی پرورش کر سکیں۔ اس کے لیے طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ،ا ان کی دینی تعلیم کا بندوبست کرنا، ان میں سیاسی سمجھ بوجھ اور معاشرتی تقاضوں کے ساتھ چلنے کی تربیت دینا شامل ہیں۔لہٰذا اگر ہم چاہتے ہیں کہ قوم کی بیٹیاں مشکل وقت میں معاشرے میں زینبی کردار ادا کریں تو ان کو بیساکھی دینے کی بجائے راستہ دکھائیں ایسا راستہ جو حق کا راستہ ہو، ایسا راستہ جس پر چل کر یہ قوم کی بیٹیاں کردار زینبی ادا کرتے ہوئے وقت کے یزید کی حکومت کی بنیادوں تک کو ہلا کر رکھ دیں۔