رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے جید عالم دین اور گلگت بلتستان کی معروف اور متحرک مذہبی و سماجی شخصیت حجت الاسلام سید ضیاء الدین رضوی کی 10 ویں برسی کے موقع پر بیان کیا : شہید کی فکر اور مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے عملی جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے بیان کیا : شہید رضوی نے گلگت بلتستان کے عوام کی سیاسی حقوق ، معاشرتی حقوق ، سماجی حقوق ، تعلیمی حقوق کے لیے بھر پور جدوجہد کی جو کہ ہم سب لے لیے مشعل راہ ہے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا : عالمی اور ملکی مسائل پر شہید کا جو کردار رہا اُس کو ہم کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ہیں ۔ نصاب تعلیم کے حوالے سے آغا ضیاء الدین کی جدوجہد جاری ہے جس کے لیے سب کو ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی لعنت نے ملک کی چولیں ہلاکررکھ دیں، سال 2015 کا بڑا سانحہ گذشتہ روز چٹیاں ہٹیاں راولپنڈی میں محفل میلاد پر خود کش حملہ ہے جس میں سات معصوم اور قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئیں، عوام کے پاس اس ظلم و بربریت اور کھلی درندگی کے خلاف پرامن انداز میں صدائے احتجاج کے علاوہ کوئی راہ نہیں مگر ریاست اور امن و امان کے ذمہ داروں کی جانب سے متاثرہ عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔
حجت الاسلام ساجد نقوی نے کہا : ایک مدت سے منظم انداز میں جاری قتل و غارتگری ، دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے شکار عوام یہ جاننے کا حق رکھتے ہیں کہ آخر یہ دہشت گرد اور قاتل اتنے قوی کیسے ہوگئے کہ جب چاہیں اور جہاں چاہیں سرکاری ، نجی عمارتوں ، بازاروں، مزارات اور معصوم لوگوں کے خون سے ہولی کھیلنا شروع کردیتے ہیں ۔