رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے الوفاق اسلامی تنظیم بحرین کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف عدالتی فیصلہ جاری ہونے کے بعد ان کی فوری رہائی کی ضرورت پر تاکید کی ہے-
انہوں نے بحرین کی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا : توقع کی جاتی ہے کہ مکمل طور پر پرامن طریقے سے مطالبات پیش کرنے والے گروہوں کے ساتھ منصفانہ، منطقی اور مناسب طریقہ اختیار کیا جائے گا-
مرضیہ افخم نے مذاکراتی عمل پر زور دیتے ہوئے بیان کیا : طاقت کا استعمال کرنے سے بحرین کے مسائل کے حل میں کوئی مدد نہیں ملے گی-
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے تاکید کی : بحرین کی میانہ رو شخصیات اور گروہوں کے مطالبات پر توجہ اور ان کے ساتھ مذاکرات کرنے کی صورت میں ہی اس ملک میں امن و امام قائم ہو سکتا ہے-
قابل ذکر ہے کہ بحرین کی ایک عدالت نے منگل کو جمعیت وفاق اسلامی کے سربراہ اور آمریت مخالف تحریک کے سرکردہ رہنما شیخ علی سلمان کو چار سال قید کی سزا سنائی ہے۔ اس غیر منصفانہ فیصلہ کے مخالفت کرتے ہوئے بحرین کی عوام نے پر امن مظاہرہ اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔