‫‫کیٹیگری‬ :
18 June 2015 - 11:29
News ID: 8225
فونت
قائد انقلاب اسلامی سے عراق کے وزیر اعظم کی ملاقات میں؛
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد انقلاب اسلامی نے عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات میں عراق کے سیاسی و قومی اتحاد کی حفاظت کے لئے ہوشیاری و دانشمندی کی ضرورت پر زور دیا۔
 آيت اللہ العظمي خامنہ اي و حيدر العبادي


رسا نیوز ایجنسی کا قائد انقلاب اسلامی کی خبر رساں سائیٹ سے منقول رپورٹ کے مطابق قائد انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کی شام عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی سے ملاقات میں عراق کے سیاسی و قومی اتحاد کی حفاظت کے لئے ہوشیاری و دانشمندی کی ضرورت پر زور دیا۔

قائد انقلاب اسلامی نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں عراقی نوجوانوں کے عزم و ارادے اور شجاعت و ہمت کی تعریف کرتے ہوئے فرمایا کہ عوامی رضاکار فورس کی عظیم توانائیاں مختلف میدانوں میں عراق کی پیشرفت اور ملک کے مستقبل کے لئے بہت موثر اور کارآمد ثابت ہوں گی۔

قائد انقلاب اسلامی نے زور دیکر کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف جنگ کے ذریعے عراقی قوم اور حکومت علاقے کے ملکوں کی سلامتی کی بھی حفاظت کر رہی ہے۔ آپ نے فرمایا: "عراق کے عوام کی ایک اہم صفت جو دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں پہلے سے زیادہ نمایاں ہو گئی، دشمن کے مقابلے میں اس ملک کے غیور عوام اور قبائل سے تعلق رکھنے والی رضاکار فورس کی شجاعت اور عزم و قدرت ہے۔"

قائد انقلاب اسلامی کا کہنا تھا کہ عراق میں دہشت گروں کا وجود ایک گزر جانے والی مشکل ہے۔ آپ نے فرمایا کہ عوامی رضاکار فورس کی شکل میں موجود عظیم سرمایہ جنگ کے میدان کے علاوہ بھی مختلف میدانوں میں بھروسے مند تکیہ گاہ ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ ماضی میں برطانوی استعمار اور اس وقت امریکی توسیع پسندی کے سلسلے میں عراق کے عوام کا تجربہ ثابت کرتا ہے کہ ملت عراق کے دشمن ہرگز یہ نہیں چاتے کہ عظیم عوامی قوت میدان عمل میں فعال ہو، لہذا اس عوامی سرمائے کی حفاظت کی جانی چاہئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عراق کے سیاسی و قومی اتحاد کے ستونوں کو نابود کرنا اس ملک میں مغربی سیکورٹی اور خفیہ ایجنسیوں کا اہم ہدف ہے۔ آپ نے زور دیکر کہا کہ اس سازش اور تفرقہ انگیزی کا بڑی ہوشیاری اور توجہ سے مقابلہ کیا جانا چاہئے اور عراق میں شیعہ سنی اور کرد و عرب اتحاد کو متاثر نہیں ہونے دینا چاہئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا: "اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے مجاہد اور انقلابی گروہوں کے اتحاد کی حمایت کرتا ہے اور ضروری ہے کہ عراق کے عوام اور حکام ہوشیاری کے ساتھ اغیار کی تفرقہ انگیزی کی طرف سے محتاط رہیں۔"

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے زور دیکر کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، عراق کی سلامتی اور پیشرفت کو اپنی سلامتی و پیشرفت سمجھتا ہے۔ آپ نے فرمایا: "امریکیوں کی یہ کوشش ہے کہ علاقے کے بعض عرب ملکوں کی مانند وہ عراق کی بھی دولت کو لوٹیں اور دوسری جانب ماضی کی طرح اپنی مرضی مسلط کریں، لہذا انھیں یہ ہدف پورا کرنے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے۔

قائد انقلاب اسلامی نے عراق کی حکومت کی ہمہ جہتی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت عراق کے عوام اور حکومت کی حمایت بدستور جاری رکھے گی۔

قائد انقلاب اسلامی نے عراقی وزیر اعظم سے اپنی گفتگو میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر زائرین کی پرتپاک مہمان نوازی اور خدمت کو عراقی عوام کی ایک اور نمایاں خصوصیت قرار دیا۔ آپ نے فرمایا کہ یہ روحانی محبت کا سلوک، آج کی مادی دنیا میں بہت اہم اور قابل توجہ ہے۔

قائد انقلاب اسلامی نے کہا کہ ابھی عراقی عوام کی اس فضیلت کی گہرائی کا پوری طرح اندازہ نہیں ہو سکا ہے۔

اس ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے قائد انقلاب اسلامی سے اپنی ملاقات پر اظہار مسرت کیا اور ایران کی جانب سے عراق کی حمایت و مدد کا سلسلہ جاری رہنے اور اسلامی جمہوریہ ایران کے پرخلوص تعاون کو دونوں ملکوں کے تعلقات کی گہرائی کی علامت قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ عراق کے دشمنوں نے مسلکی اور قومیتی اختلافات کی آگ بھڑکانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے لیکن عراق کے عوام اور حکومت کا یہ پختہ ارادہ ہے کہ اس سازش کا مقابلہ اور قومی اتحاد کی حفاظت کی جائے۔

عراقی وزیر اعظم نے کہا کہ عراق اور شام میں تکفیری دہشت گردوں کی نظر میں شیعہ و سنی کے درمیان کوئی فرق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ عراقی عوام اور حکومت کی استقامت اس وقت علاقے کے ملکوں میں داعش کی ریشہ دوانیوں میں رکاوٹ بنی ہے، لیکن ان دہشت گردوں کا موثر انداز میں مقابلہ کرنے کے لئے علاقے کے ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی ضرورت ہے۔

حیدر العبادی نے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے عراق کے عوام اور حکومت کی مدد کی قدردانی کی۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬