رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبہ دیالہ میں عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جبار المعموری نے خبر دی ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش کا ایک اہم سرغنہ عبدالرزاق، جس کی شہرت داعش کے قصائی کے نام سے تھا، ہلاک ہو گیا ہے۔
جبار المعموری کے مطابق یہ دہشت گرد صوبہ الانبار میں الصقلاویہ کے علاقے میں کئے جانے والے آپریشن میں ہلاک ہوا۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر جبار المعموری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : صوبہ دیالہ کی عوامی رضاکار فورس کے اہلکاروں کی مدد کے ساتھ مشترکہ فورسز کے اہلکاروں نے فلوجہ کے شمال میں دس کلومیٹر کے فاصلے پر واقع الصقلاویہ کے مغربی علاقوں پر حملہ کر کے اس دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔
جبار المعموری نے کہا : ہلاک ہونے والے دہشت گرد نے حالیہ مہینوں کے دوران الصقلاویہ کے بیس سے زیادہ افراد کو مختلف بہانوں سے موت کے گھاٹ اتار کر ان کی لاشوں کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس کے کمانڈر نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : دہشت گرد گروہ داعش نے الصقلاویہ میں نسل کشی کی حد تک ہولناک مظالم اور جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
قابل بیان ہے کہ عراق سے موصولہ ایک خبر میں بیان کیا گیا ہے کہ دہشت گرد گروہ داعش نے جمعے کے دن موصل میں انیس خواتین کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ داعش کے دہشت گرد ان خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کرنا چاہتے تھے۔