رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سکریٹری تنظیم سازی و عالمی شعبہ کے ذمہ دار حجت الاسلام سید شفقت شیرازی نے ایم ڈبلیو ایم سرگودھا دفتر کا دورہ کیا اور تنظیمی مسئولین سے خصوصی نشستیں کیں۔
انہوں نے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان سرگودھا ڈویژن کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیمی فعالیت کو بڑھانے پر زور دیا اور کہا: جہاں جہاں آئی ایس او مضبوط اور فعال ہے وہاں پر ایم ڈبلیو ایم مضبوط ہے۔
حجت الاسلام شیرازی نے حالات حاضر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا : شام میں حالات بشار الاسد حکومت کے حق میں جا رہے ہیں، میں دیکھ رہا ہوں کہ شام ان بحرانوں سے نکل کر اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح زبردست قوت بن کر ابھرے گا۔
انہوں نے شامی جوانوں کے حوصلوں کو داد دیتے ہوئے کہا : ان جوانوں میں حزب اللہ کی تصویر نظر آتی ہے، پاکستانی جوانوں کے جذبات شامی جوانوں کے حوالے سے قابل داد ہیں لیکن شامی عوام بیداری کی طرف جا رہے ہیں اور جلد بحران پر قابو پاکر دشمن کو عبرت ناک شکست دیں گے۔
ایم ڈبلیو ایم کے عالمی شعبہ کے ذمہ دار کہا : مصر میں اخوان المسلمون حکومت بری طرح ناکام ہوچکی تھی اور انہوں نے عوامی امنگوں کا جنازہ نکال دیا تھا۔ جس کے نتیجے میں ان کو حکومت سے ہاتھ دھونے پڑے۔
انہوں نے مصر کی حالیہ صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا : مصری عوامی کو حق دیا جانے چاہئے کہ وہ اپنی مرضی کی حکومت منتخب کرسکیں ۔
حجت الاسلام شیرازی نے ایک سوال کے جواب میں کہا : ایران کی نومنتخب حکومت انقلاب کو مزید تقویت دے گی اور جس طرح انتخابات میں سامراجی قوتوں کے دانت کھٹے کئے تھے، دیگر مذموم عزائم میں بھی سامراج کو ناکامی ہوگی۔