15 November 2015 - 11:32
News ID: 8697
فونت
حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی:
رسا نیوز ایجنسی – قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پیرس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کا مطالبہ کیا ۔
حجت الاسلام و المسلمين سيد ساجد علي نقوي


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،  قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے اپنے جاری کردہ بیان میں تاکید کی : عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف مشترکہ لائحہ عمل تیار کرے ۔


انہوں نے یہ بتاتے ہوئے کہ دہشتگردوں کا خاتمہ عالمی امن کیلئے ضروری ہے، جس کیلئے نیٹ ورک کو توڑا جائے کہا: پاکستان میں دہشتگردی کا سب سے پہلے شکار اہل تشیع ہوئے مگر کسی نے اس طرف توجہ نہیں دی، لیکن دہشتگردی کی آگ نے بعد میں پاکستان کے دوسرے طبقات کو اپنی لپیٹ میں لیا، جس سے عید میلادالنبی، محرم الحرام اور چہلم کے جلوس، اولیاء کے مزارات کو شکار کیا گیا، مساجد اور امام بارگاہیں، گھرجا گھر اور مارکیٹیں سب دہشتگردوں کے نشانے پر رہیں۔


حجت الاسلام و المسلمین نقوی نے یہ کہتے ہوئے کہ کچھ قوتوں نے دہشتگرد گروہوں کو اپنے مقاصد کیلئے تیار کیا اور اب یہ پوری دینا میں پھیل رہے ہیں کہا: اس کا شکار سب سے پہلے افغانستان، پاکستان اور مشرق وسطٰی ہوا اور اب یہ آگ یورپ میں بھی پہنچ چکی ہے اس پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے ۔


انہوں نے مزید کہا: جب تک دہشتگردوں کا نیٹ ورک نہیں توڑا جاتا اس سے نجات ممکن نہیں ۔


دوسری جانب شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری، سینیئر نائب صدر مولانا موسٰی رضا جسکانی، جنرل سکریٹری مولانا مشتاق ہمدانی اور مجلس وحدت مسلمین پنجاب پاکستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری حجت الاسلام اقتدار نقوی نے بھی پیرس حملوں کی شدید مذمت کی ۔


حجت الاسلام اقتدار نقوی نے نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: دہشتگردی صرف پاکستان اور عالم اسلام کا نہیں بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔


انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ اسلام اور دہشتگردی کو ایک دوسرے سے جوڑنے کی سازشوں کا خاتمہ ہونا چاہئے اور اس سلسلے میں عالمی برادری مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے کہا: فرانس کے واقعے نے ثابت کردیا ہے کہ دہشت گردی صرف پاکستان اور عالم اسلام کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے، جس کو حل کرنے کیلئے عالمی برادری کو ترجیحی بنیادوں پر مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے۔


حجت الاسلام نقوی نے اس واقعے میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بیان کیا: کچھ نادان لوگ اسلام اور دہشت گردی کو ایک دوسرے کے ساتھ جوڑنے کی مذموم سازش کرتے ہیں، اب اس سازش کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ جب تک عالمی برادری انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد نہیں ہوگی دنیا سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬