رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے بلدیاتی انتخابات میں کالعدم گروہ سے اتحاد کرنے والی سیاسی جماعتوں کی پالیسیز کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا : یہ نیشنل ایکشن پلان کی خلاف ورزی ہے ۔
انہوں نے بیان کیا : الیکشن کمیشن اور حکمرانوں کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے ، کالعدم گروہ کے ساتھ قومی جماعتوں کے پرچم لہرائے جا رہے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان جماعتوں کو صرف اقتدار سے پیار ہے ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے وضاحت کی : یہ لوگ کرسی کے پجاری ملک کی اینٹ سے اینٹ بجانے والے گروہ کو اپنا کاندھا پیش کر کے ملکی آئین کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے کہا : ہم جمہوریت اور ملک کے آئین پر یقین رکھتے ہیں اور نام نہاد جمہوری جماعتوں اور حکمرانوں کی طرف سے غیر جمہوری رویہ اور آئین پاکستان کو تسلیم نا کرنے والے دہشت گردوں کے سرپرستوں کے خلاف خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ نے بیان کیا : آج پاکستان میں ایک مخصوص سوچ اور نظریہ کو مسلط کرنے کی کوشش ہو رہی ہے، ہم اس انتہا پسندانہ سوچ کو مسلط نہیں ہونے دینگے، آئین پاکستان میں تمام مکاتب فکر کو یکساں آزادی حاصل ہے ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے تاکید کرتے ہوئے کہا : عالمی دہشت گرد داعش کے پیروکاروں کے نظریہ اور سوچ کو دنیا اسلام کے ہر مہذب مسلمانوں نے نفی کی ہے ۔