رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ زائرین کی بس پر ہونےوالے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ اور شیعہ علماء کونسل نے اس سانحہ کے سوگ میں 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے اور دہشت گردوں پر آہنی ہاتھ ڈالنے کی اپیل کی ہے ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں ایران سے پاکستان آنےوالی زائرین کی بس پر ہونے والے دہشت گردی کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورا ملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے ، کراچی سے کوئٹہ اور پارا چنار سے گلگت بلتستان تک پورا ملک جل رہا ہے اس لئے حکومت کو چاہیے کہ دہشت گردی کے تدارک کے لئے عملی اقدامات اٹھائے اس موقع پر انہوں نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر بھی دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔
شیعہ علماءکونسل پاکستان نے بھی سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے 3روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔ اپنے مذمتی بیان میں شیعہ علماءکو نسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ بے یارو مددگارمسافروں سمیت ملک میں کسی کی جان محفوظ نہیں ہے اور پورا ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے۔ اس لئے اب حکومت کو چاہیے کہ فوراً دہشت گردی کے خاتمے کےلئے دہشت گردوں کے سرپرستوں پر آہنی ہاتھ ڈالے۔