04 January 2014 - 13:31
News ID: 6285
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
رسا نیوز ایجنسی ـ قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا ہے : جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں۔
قائد ملت جعفريہ پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام  سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے : جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا جاتا اس وقت تک ملک میں قیام امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا، دہشت گرد سرعام دندناتے پھر رہے ہیں، سزائے موت کو معطل کر دیا گیا ہے ، معاشرے میں سزا و جزا کا عمل رائج کرنے سے ہی امن قائم ہوگا، بے یار ومددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ نہیں ہے ۔

کوئٹہ (اختر آباد) میں زائرین کی بس پرہو نے والے دہشت گردی کے حملے کے بعد کی صورتحال پرمختلف رہنمائوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا : بارہا مرتبہ مطالبہ کیا گیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں مگر صرف طفل تسلیوں اور بلند و بانگ دعوئوں کا سہارا لے کر عوام کو بے وقوف بنایا جاتا رہا افسوس کہ آج تک اتنے بڑے سانحات رونما ہوئے ہیں مگر قوم کو ان حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا۔

حجت الاسلام  سید ساجد علی نقوی نے کہا : ملک میں علماء، ڈاکٹرز، انجینئرز، ججز، وکلاء، صحافی، اقلیتی برادری اور بے یارو مددگار مسافروں سمیت کسی کی جان محفوظ  نہیں ہے مساجد و امام بارگاہوں سے لے کر اعلیٰ سرکاری اداروں تک کو دہشت گردی کی کارروائیوں سے تحفظ حاصل نہیں ہے ۔ ملک میں آئین و قانون کی عملداری کو ختم کر دیا گیا ہے، آئے روز قوانین بنائے جاتے ہیں مگر ان پر عملدرآمد ہوتا نظر نہیں آتا۔ اگر معاشرے میں سزا و جزا کے عمل کو رائج کیا جاتا تو آج کافی حد تک مسائل حل ہوچکے ہوئے مگر افسوس اس حوالے سے کوئی سنجیدہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا : سزائے موت کا قانون موجود ہے مگر معلوم نہیں کن وجوہات کی بناء پر اس پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے جب تک دہشت گردی کو جڑوں سے اکھاڑ کر پھینک نہیں دیا ، اس کے سرپرستوں کو بے نقاب کر کے عوام کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندئہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان نے سانحہ اختر آباد میں جاں بحق ہونیوالے زائرین کے لواحقین سے دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا : پوری ملت ان کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬