رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا : وقت آگیا ہے کہ طالبان سے مذاکرات ختم کرنے کا دو ٹوک اعلان کیا جائے۔ طالبان ظلم اور جرم کی علامت بن چکے ہیں۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے وضاحت کی : دہشتگرد ڈالروں کے لالچ میں پاکستان دشمن طاقتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ حکمران عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل نے پاکستان اور ایران کے درمیان گیس معاہدہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا : پاکستان ایران گیس منصوبہ ختم کرنا ملک دشمنی ہے۔
انہوں نے بیان کیا : بیگناہوں کا خون بہانے والے پیشہ ور قاتل ہیں۔ دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والوں کے خلاف وفاقی وزراء کی بدزبانی قابل مذمت ہے۔
ناصر عباس جعفری نے کہا : پاکستان، افغانستان اور ایران کو علاقائی بلاک تشکیل دینا چاہیے۔ گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق نہیں دیئے جا رہے، چھ روز سے عوام سڑکوں پر ہیں، لیکن بےحس حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔
انہوں نے تاکید کی : پنجاب حکومت ہمارے لئے وقت کے ابن زیاد کی حکومت ہے، دہشتگردوں کو چھوڑا جا رہا ہے جبکہ پرامن لوگوں کو فورتھ شیڈیول میں ڈالا جا رہا ہے، فرقہ وارنہ دہشتگردی میں ملوث گروہ گرفتار ہوچکا ہے، اب دیکھتے ہیں کہ پنجاب حکومت ان کیخلاف کیا کارروائی کرتی ہے ۔