‫‫کیٹیگری‬ :
24 January 2016 - 20:07
News ID: 8984
فونت
مجلس وحدت مسلمین پاکستان :
رسا نیوز ایجنسی ـ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماوں نے کہا : دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کیخلاف فوری کاروائی شروع کی جائے۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ۔
مجلس وحدت مسلمين پاکستان


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی مرکزی شوریٰ عالی (سپریم کونسل) کے رہنماؤں حجت الاسلام ناصر عباس جعفری ، عالی جناب حسن صلاح الدین ، مولانا حیدر عباس عابدی، حجت الاسلام امین شہیدی نے باچاخان یونیورسٹی سمیت ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی کے واقعات کی بھر پور مذمت کی ہے ۔

ان رہنماوں نے حکومت اور مقتد ر قوتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے بیان کیا : دہشت گردی کیخلاف جنگ میں دہشت گردوں کے سہولت کاروں اور ان کے سیاسی سرپرستوں کیخلاف فوری کاروائی شروع کی جائے۔ نام بدل کر کام کرنے والی کالعدم جماعتوں کے خلاف فوری کاروائی کی جائے ، نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے، حکومت بلا تفریق کالعدم جماعتوں کیخلاف فوری کاروائی کرے ۔

اجلاس کے اختتام پر وحدت ہاؤس سے جاری اعلامیہ میں رہنماؤں نے کہا : ملک میں گزشتہ تین دہائیؤں سے دہشت گردی کا شکار ہونے والی ملت جعفریہ کو نیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ سانحہ شکار پور، سانحہ جیکب آباد، سانحہ چھلگری اور ملک بھر میں ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والے ہمارے چوبیس ہزار سے زائد خانوادگان شہداء اب تک انصاف کے لئے پکار رہے ہیں، دہشت کے تمام مقدمات کو فوجی عدالتوں کے سپرد کر کے فوری انصاف کو یقینی بنایا جائے۔

اس اجلاس میں بیان کیا گیا : پاک چین اقتصادی راہ داری میں گلگت بلتستان کو نظر انداز کرنے کا عمل اس منصوبے کے دشمنوں کی سازش کا ایک حصہ ہے گلگت بلتستان کو اس میگھا پروجیکٹ میں اتنا حق ہے جتنے دیگر پاکستان کے صوبوں کا ہے، گلگت بلتستان کو بائی پاس کرنے کے عمل کی پور زور مذمت کر تے ہیں۔

اس بیانیہ میں کہا گیا : گلگت بلتستان کے عوام کو مکمل آئینی حق دے کر پانچواں صوبہ بنایا جائے، گلگت بلتستان کو تقسیم کرنے والے پاکستان کے دوست نہیں دشمن ہے ۔ ملک بھر میں نیشنل ایکشن پلان کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کا عمل دراصل دہشت گردی کیخلاف جنگ کو متاثر کرنے کی سازش ہے جس کی ہم بھر پور مذمت کرتے ہیں۔

اس اجلاس میں تاکید کی گئی : ایران سعودی عرب تنازعے میں ہمیں مکمل طور پر غیر جانبدار رہ کر برادر اسلامی ملکوں کے درمیان مفاہمت کے لئے کردار ادا کرنا ہو گا۔ پنجاب میں داعش کے بڑھتے اثرروسوخ سے حکومت آنکھیں چرانے کے بجائے شدت پسندوں کیخلاف پنجاب میں کاروائی کرے، اسلام آباد میں متنازعہ شخص کیخلاف سینٹ میں ثبوت پیش کرنے کے باوجود کاروائی کا نہ ہونا المیہ سے کم نہیں، دہشت گردی کیخلاف جنگ کو سیاسی مصلحتوں کی نذر نہ کیا جائے۔

اجلاس کے بیانیہ میں پیش کیا گیا : ایران سے اقتصادی پابندیوں کے خاتمے کے بعد توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لئے پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدے پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائے جائے تاکہ پاکستانی عوام کو گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکے۔ میٹرو پروجیکٹس کے نام پر پنجاب میں کھربوں روپے لگا کر کمیشن بنانے کے بجائے ملک بھر میں صحت اور تعلیم کے مخدوش حالت کو بہتر بنانے میں ملکی وسائل کا استعمال کیا جائے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سپریم ادارہ شوریٰ عالی کا اجلاس  ایم ڈبلیوایم کے مرکزی سیکریٹریٹ  وحدت ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت چیئرمین  شوریٰ عالی عالی جناب حسن صلاح الدین نے کی، اجلاس میں ملک بھر سے اراکین شوریٰ عالی و مرکزی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام امین شہیدی سمیت ایم ڈبلیو ایم سندھ ،پنجاب ،خیبر پختون خواہ ،بلوچستان اور گلگت بلتستان کے صوبائی  سیکرٹریز نے بھی شرکت کی اجلاس میں موجودہ ملکی صورت حال اور تنظیمی امور کا جائزہ لیا گیا۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬