رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے سانحہ راولپنڈی آرے بازار میں خود کش بم دھماکے اور پشاور میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سابق ممبر سپریم کونسل مولانا محمد عالم موسوی کو پشاور میں فائرنگ کرکے شہید کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : جب تک دہشت گردوں کو تختہ دار پر نہیں لٹکایا جائیگا اس وقت تک ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ۔
انہوں نے کہا : ریاستی ادارے عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں ، ملک میں امن و امان نام کی کوئی چیزنہیں ۔دہشت گرد جہاں چاہیں کاروائی کرکے فرار ہوجانے میں کامیاب ہوجاتے ہیں ایسا لگتا ہے کہ ریاستی ادارے ان دہشت گردوں کے آگے بے بس ہیں یا پھر جان بوجھ کر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔اگر یہی صورتحال رہی تو ملک کی سالمیت خطرہ میں پڑ جائے گی۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی خطر ناک ہے ، اس کے لئے حکمرانوں کو انتہائی اہم فیصلے کرنا ہونگے جس سے عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔
انہوں نے راولپنڈی اور پشاور کے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی اور دعائے مغفرت کی اور حکومت سے مطالبہ کیا مجرمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزاء دی جائے ۔