رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے شدید بارشوں کی وجہ سے مومنین کی جانی و مالی نقصان ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے بارش متاثرین کی فی الفور امداد کرنے کا مطالبہ کیا اور اس ناگہانی آفت میں عوام سے بھی متاثرہ بھائیوں کی داد رسی کیلئے آگے آنے کی اپیل کی ہے ۔
انہوں نے متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ فی الفور مشکلات کو حل کرنے کے لئے مفید قدم اٹھانا چاہئے اور خصوصاً نشیبی علاقوں کے متاثرین کی امداد کیلئے خاص انتظام کی تاکید کی ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شدید بارشوں سے بچائو کیلئے اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت اس نظام میں خرابیوں کو دور کرے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے نقصان سے بچا جا سکے۔
انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے یہ بات کہی کہ اس ناگہانی آفت میں عوام کو بھی آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنے متاثرہ بھائیوں کی داد رسی کیلئے آگے آنا چاہیے ۔
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے موجودہ امدادی سرگرمیوں کو بھی مزید تیز کرنے کا مطالبہ کیا ہے وہیں دوسری جانب جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات کیلئے دعا کی جبکہ متاثرین سے ہونیوالے نقصان پر دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔