رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف خدائی پکڑ میں آ چکے ہیں، غیر صادق اور غیر امین کو پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار دینے کا عدالتی فیصلہ آئین و قانون کے مطابق ہے۔ اب ن لیگ میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل تیز ہو جائے گا۔
انہوں نے بیان کیا کہ شریف فیملی سزا سے بچنے کیلئے اداروں میں تصادم چاہتی ہے۔ ن لیگ کو عدالت سے عداوت مہنگی پڑے گی۔ نواز شریف ذاتی جنگ کو پارلیمنٹ کی جنگ بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ سابق نااہل وزیراعظم اپنے بغیر سسٹم چلتا نہیں دیکھنا چاہتے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ اقتدار کے کھیل پر نواز شریف کا کنٹرول ختم ہو گیا ہے۔ ن لیگ کے سوا پوری قوم عدالتی فیصلوں پر مطمئن ہے۔ نواز شریف کی دوسری بار نااہلی نے ن لیگ پر بجلی گرا دی ہے۔ نواز شریف اور ان کی بیٹی کا رونا دھونا مذاق بن چکا ہے۔ پاکستان میں اب آل شریف کی بادشاہت نہیں آئین و قانون کی حکمرانی چلے گی۔
انہوں نے کہا کہ مارچ گرفتاریوں کا مہینہ ہے۔ ن لیگ بار بار عدلیہ پر حملے کر کے ریاست کی رٹ کو چیلنج کر رہی ہے۔ ملکی ادارے ن لیگ کی عدلیہ مخالف مہم کا نوٹس لیں۔ پوری قوم نواز شریف کو پارٹی صدارت کے لئے نااہل قرار دینے پر خوش اور عدلیہ کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ نااہل لیگ کا سیاسی مستقبل تاریک ہے۔ عدالت کے جرات مندانہ فیصلے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ شریف خاندان جسٹس قیوم والی فرینڈلی عدلیہ کی عادی ہو چکی تھی اس لئے ان سے آئین و قانون کے مطابق ہونے والے فیصلے برداشت نہیں ہو رہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/