رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد کے امام بارگاہ امامیہ میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والا سانحہ جس میں 23 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے کے غم میں پورے ملک میں ملت تشیع سوگ میں ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر سانحہ حیات آباد مسجد امامیہ میں ہونیوالے دہشت گردی کے المناک سانحہ پر ملک بھر میں 3روزہ سوگ ہے ۔ آج (اتوار) ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا۔
سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے شہداء پشاور کے نماز جنازہ پڑھانے کے بعد میڈیا کو بتایا : عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے حکمران مذمتی بیانات کی بجائے عملی اقدامات اٹھائیں۔ دہشتگردی کے خلاف بنایا گیا ایکشن پلان مکمل ناکام ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا : اصل قاتلوں اور دہشتگردوں کو گرفتار کرنے کی بجائے بالخصوص پنجاب میں پر امن شہریوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے ، توازن کی ظالمانہ پالیسی اب تک جاری ہے ۔ دہشت گرد انسانیت کے دشمن خونی درندے ہیں جن کا انسانیت سے دور کا بھی واسطہ نہیں ہے۔
سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل نے تاکید کی : ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردوں ، ان کے سرپرستوں اور سہولت کاروں کوکیفر کردار تک پہنچا کر قوم کو حقائق سے آگاہ کیا جائے۔
اس موقع پر حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے مزید بیان کیا : ایسا لگتا ہے کہ صوبائی و وفاقی حکومت امن قائم کرنے میں مکمل ناکام ہوچکی ہے کیونکہ یہ دہشت گردی خلاف عملی اقدامات کی بجائے صرف وہ مذمتی بیانات پر اکتفا کررہے ہیں ۔
انہوں نے کہا : عوام کے جان ومال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے ، سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد چٹیاں ہٹیاں، شکار پور اور اب حیات آباد میں قیامت صغریٰ برپا ہوگئی مگر افسوس عوام کے تحفظ کیلئے پنجاب ، سندھ اور خیبر پختونخواہ میں عملی اقدامات نظر نہیں آتے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے اس موقع پر شہداء کے لواحقین سے بھی دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا : غم کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ بعداز اں سانحہ میں زخمی ہونے والے مومنین کی تیمارداری کیلئے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے وفد کے ہمراہ MH اور MC ہسپتالوں میں جاکر علاج و معالجے کی غرض سے داخل زخمیوں کی عیادت بھی کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ۔
قابل بیان ہے : قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کی ہدایت پر شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی صوبہ خیبرپختونخواہ کے صدر حجت الاسلام محمد رمضان توقیراور صوبائی جنرل سیکرٹری وسیم اظہر ترابی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی اخونزادہ ، سمیت اعلیٰ سطحی تنظیمی وفد اور ضلعی عہدیداران کے ہمراہ حیات آبا د پشاور پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے شہداء کے نماز جنازہ پڑھائی، اور بعد ازاں متاثرہ مسجد کا دورہ کیا اور شہداء کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیلئے ان کے گھروں میں گئے ۔