رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع اور لاسجٹک نے کہا ہے کہ جمہوریہ آذربائیجان کے ساتھ دفاعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کا فروغ ہرگز کسی ملک کے خلاف نہیں ہے۔
یہ بات بریگیڈیر جنرل امیر حاتمی نے جمعرات کے روز جمہوریہ آذربائیجان کے سرکاری دورے کے اختتام پر باکو سے تہران واپسی کے موقع پر ارنا نیوز ایجنسی کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی توسیع کے لئے پُرعزم ہے تاہم ایران کی خارجہ پالیسی میں جمہوریہ آذربائیجان کو بڑی اہمیت حاصل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اور آذربائیجان سمیت بحیرہ کیسپیئن کے خطے میں موجود تمام ممالک کو اس بحیرے کی سلامتی کے لئے مل کر کام کرنا ہوگا بصورت دیگر تعاون میں خلل پیدا ہونے سے بیرونی مداخلت کے لئے موقع فراہم ہوگا جو خطی سلامتی کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔
امیر حاتمی نے کہا کہ انہوں نے آذری صدر، وزیراعظم، وزرائے دفاع او دفاعی صنعت کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے اہم اور تعمیری مذاکرات کئے۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی توسیع کے حوالے سے جمہوریہ آذربائیجان کے صدر کے عزم کو سراہا اور مزید کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر اور صدر کی ہدایات کے تحت دونوں ممالک دفاعی اور عسکری شعبوں میں باہمی تعاون کو جلد فروغ دیں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/